پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکا شیریں مزاری کی رہائی کا حکم

مئی 21, 2022

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکا شیریں مزاری کی رہائی کا حکم

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی رہائی کی ہدایت کی ہے۔

لاہور میں وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق حمزہ شہباز نے کہا کہ شیریں مزاری بطور خاتون قابل احترام ہیں، ان کی رہائی کا حکم دیدیا ہے-

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی بھی خاتون کی گرفتاری معاشرتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتی۔

ان کا کہنا تھا کہ شیریں مزاری کو گرفتار کرنے والے اینٹی کرپشن عملے کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ تفتیش اور تحقیقات کے نتیجے میں اگر شیریں مزاری کی گرفتاری ناگزیر ہے تو قانون اپنا رستہ خود بنالے گا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کے عمل سے اتفاق نہیں کرتا۔ مسلم لیگ ن بحیثیت سیاسی جماعت خواتین کے احترام پر یقین رکھتی ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ملتان میں مریم نواز کے بارے میں بے ہودہ زبان کی مذمت کرتے ہیں مگر انتقام ہمارا شیوہ نہیں۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن کی تحویل سے چھڑوا کر رہا کیا جائے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف حبس بے جا کی پیٹیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جس کے بعد عدالت نے ڈاکٹر شیریں مزاری کو رات ساڑھے 11 بجے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

درخواست ایمان مزاری کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

اس سے قبل شیریں مزاری کی گرفتاری پر ایک ٹویٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہماری سینیئر رہنما شیریں مزاری کو فاشسٹ حکومت نے ان کے گھر کے باہر سے پرتشدد طریقے سے اغوا کیا۔ شیریں مضبوط اور بے خوف ہیں۔ اگر امپورٹڈ حکومت سمجھتی ہے کہ وہ انہیں فاشزم سے دبا سکتی ہے تو ان کا اندازہ غلط ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’ہماری جدوجہد پرامن ہے، لیکن یہ فاشسٹ امپورٹڈ حکومت ملک کو افراتفری کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔ معیشت کی بدحالی کے بعد وہ الیکشن سے بچنے کے لیے انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔ ہم آج احتجاج کریں گے اور کل کور کمیٹی کی میٹنگ کے بعد لانگ مارچ کا اعلان کروں گا۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے