مجھے بھی اٹھایا جا سکتا ہے: وکیل فیصل چوہدری کا عدالت میں بیان
اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف سے منسلک وکیل فیصل چوہدری نے اینکر ارشد شریف کے خلاف درج مقدمات سے متعلق ایک کیس میں پیش ہو کر کہا ہے کہ اُن کو بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جواب میں کہا کہ آپ کو اٹھانا اتنا آسان نہیں، آپ کو اپنا وزن کم کرنا پڑے گا، ہم ایک آرڈر جاری کر دیتے ہیں کہ جب تک فیصل وزن کم نہ کرے تو اسے کوئی نہ اٹھائے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ارشد شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے مطیع اللہ جان کے پروگرام میں کوئی بات کی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اس (مطیع اللہ جان) بیچارے کو پھر کیوں بیچ میں لاتے ہیں، یہ پہلے بھی سیر کر کے آئے ہیں۔ وکیل کے مطابق اے آر وائے کے اینکرز پر اس وقت تک آٹھ مقدمات درج ہو چکے ہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ یہ عدالت مقدمات کے میرٹ کا جائزہ نہیں لے سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی صحافی جذباتی نہیں ہو سکتا، اسے ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہئے، اس عدالت کے دائرہ اختیار کو مد نظر رکھ کر تجویز کریں کہ عدالت کیا کر سکتی ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ دوسرے صوبوں میں مقدمات اس عدالت کے دائرہ کار سے باہر ہیں۔

