ٹوئٹر کے رمیز راجہ کے خلاف ’شہباز شریف‘ بننے پر مقدمہ درج، گرفتار
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے ٹوئٹر پر وزیراعظم شہباز شریف کی شناخت استعمال کرکے جعل سازی پر پشاور سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
اس گرفتاری کی تصدیق وزیراعظم شہباز شریف کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ابو بکر عمر کی جانب سے کی گئی۔
انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ چلانے والے شخص کو وزیراعظم کی شناخت کا استعمال اور لوگوں کو گمراہ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔
خیال رہے کہ ملزم نے چند دن قبل اپنے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کا نام بدل کر وزیراعظم شہباز شریف کا نام اور تصویر لگا کر تضحیک آمیز ٹویٹس کرنے کے علاوہ سپیسز بھی ہوسٹ کیں اور ان کا مذاق اڑایا جس کی صارفین نے ٹوئٹر انتظامیہ کو بھی شکایت درج کرائی تھی.
ایف آئی اے کے مطابق ملزم اپنا جرم قبول کرچکا ہے اور ان کے خلاف ’پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم 2016‘ کی دفعہ 419 اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 505 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم رمیز راجہ کو خیبر پختونخواکے دارالحکومت پشاور سے اتوار کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف ’بدنیتی‘ پر مبنی ’مذموم‘ مہم چلارہا تھا۔
ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ ’ملزم نے وزیراعظم کا نام اور تصویر اپنی ڈسلپے پکچر اور نام کے طور پر استعمال کیا اور عوام کی نگاہ میں ان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔‘
ایف آئی اے کے مطابق ملزم رمیز راجہ کی جانب سے کی گئی کچھ ٹویٹس میں ’ہتک آمیز زبان‘ کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔

