عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سنیں گے: سپریم کورٹ
پاکستان کی سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے جس پر سپریم کورٹ نے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
جمعرات کو اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے حکومت کی جانب سے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی پر عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں عدالت کے گزشتہ روز کے لانگ مارچ کی جگہ کے تعین کے حکمنامے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
جمعرات کو سپریم کورٹ میں لانگ مارچ کے لیے راستوں کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کا آغاز ہوا تو بینچ کے سربراہ جسٹس اعجاز الاحسن نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ آپ کی درخواست سماعت کے لیے مقرر ہو چکی ہے۔ ساڑھے گیارہ بجے دوبارہ سماعت کریں گے اور لارجر بینچ ان تمام معاملات کو دیکھے گا۔
عدالت نے توہین عدالت کی درخواست تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان کو دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی.

