پاکستان

’اب سپریم کورٹ کا بھی امتحان ہے، ملک بچانے کا ٹھیکہ ہمارا نہیں‘

مئی 28, 2022

’اب سپریم کورٹ کا بھی امتحان ہے، ملک بچانے کا ٹھیکہ ہمارا نہیں‘

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’امپورٹڈ حکومت کی جانب سے ہمارے پرامن احتجاج پر شیلنگ کی گئی، ہم پرامن احتجاج کے خلاف طاقت کے استعمال کا معاملہ ہر فورم پر اٹھائیں گے۔‘

سنیچر کو پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’26 سال میں ہم نے کبھی انتشار کی سیاست نہیں کی۔‘

انہوں نے بتایا کہ پیر کو سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے کہ کیا اس ملک میں پرامن احتجاج ایک جمہوری جماعت کا حق ہے یا نہیں؟

عمران خان نے کہا ’سپریم کورٹ سے پوچھیں گے کہ کیا آئندہ احتجاج پر بھی اسی طرح پکڑ دھکڑ ہوگی؟‘ انہوں نے کہا کہ ’اب سپریم کورٹ کا بھی امتحان ہے۔‘

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز کے باوجود انہوں نے لوگوں کو مارا۔ عدالتی حکم کے بعد جو کچھ ہوا ہم اس کے لیے تیار نہ تھے۔‘

آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور سی سی پی او لاہور کے خلاف ایف آئی آرز کٹوائیں گے، ان پولیس افسران کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالیں گے تاکہ سب کو پتا چلے۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے 6 روز کا وقت دے رکھا ہے اور اس مرتبہ ہم پوری تیاری کے ساتھ جائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم الیکشن کے لیے ہر طرح کے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، الیکشن کی تاریخ ملنے تک ہم آگے نہیں جاسکتے۔‘

ان کے مطابق ’اس ملک کو بچانے کا ٹھیکہ صرف ہم نے نہیں لے رکھا، اس کو بچانے کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ادارے تماشا دیکھ رہے ہیں، ایک پاکستانی ہونے کے ناطےاداروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے۔ یہ ملک تباہ ہوا تو وہ سب ذمہ دار ہوں گے جنہوں نے اجازت دی۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے