حکومت کا آخری سال، تحریک انصاف کےکارکردگی اشتہارات پر چار ارب خرچ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں عمران خان کی تحریک انصاف حکومت نے گزشتہ برس اپنی کارکردگی عوام کو دکھانے کے لیے چار ارب 75 کروڑ روپے سرکاری خزانے سے اشتہارات پر خرچ کیے۔
بجٹ دستاویزات میں رواں مالی سال جو 20 دن بعد ختم ہو رہا ہے کے دوران تحریک انصاف نے دو ارب روپے کے اضافی اشتہارات اخراجات کیے جن کی منظوری اب دی جائے گی۔
رواں مالی سال کے لیے گزشتہ بجٹ میں تحریک انصاف نے دو ارب 75 کروڑ روپے اشتہارات کی مد میں رکھے تھے تاہم اپریل میں حکومت کے خاتمے تک عمران خان نے دو ارب اضافی بھی وزارت اطلاعات کو جاری کیے تاکہ کارکردگی مہم چلائی جا سکے اور ٹی وی، اخبارات اور ڈیجیٹل میڈیا کو رقم ادا کی جا سکے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے بھی سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کو اضافی 75 کروڑ 55 لاکھ کی رقم فراہم کی جس کی منظوری اب دی جائے گی۔
خیال رہے کہ ایس سی او فوج کے زیرانتظام سرحدی علاقوں کشمیر اور گلگت بلتستان میں مواصلات کا نظام چلانے والا محکمہ ہے جو کاروبار بھی کر رہا ہے۔