جنرل باجوہ سعودی عرب سے براہ راست کراچی، سیلاب کا جائزہ
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب سے براہ راست کراچی پہنچ گئے ہیں۔
منگل کو ایک بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حالیہ شدید بارشوں کی وجہ سے شہر میں سیلاب کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے آرمی چیف نے ہیلی کاپٹر سے فضا میں چکر لگائے۔
آرمی چیف کو سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور کراچی میں سول انتظامیہ کو فوج کے مکمل تعاون کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
جنرل باجوہ نے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فارمیشنز کے بروقت ردعمل کو سراہا۔
انہوں نے کراچی کور کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ عوام کو آسانی پہنچانے کے لیے تمام تر کوششیں اور وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کراچی کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے ان کا استقبال کیا۔
کراچی رواں ہفتے شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔

