عالمی خبریں

امریکی صدر جو بائیڈن کا دورہ سعودی عرب، مشرق وسطیٰ پر مشترکہ اعلامیہ

جولائی 16, 2022

امریکی صدر جو بائیڈن کا دورہ سعودی عرب، مشرق وسطیٰ پر مشترکہ اعلامیہ

امریکہ کے صدر جو بائیڈن کے سعودی عرب کے دورے کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک ایک مستحکم اور خوشحال مشرق وسطٰی کے خواہاں ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا کہ ’کئی دہائیوں سے امریکہ اور سعودی عرب کی شراکت داری خطے کی سلامتی کے لیے مرکزی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ دونوں ممالک ایک مزید محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطہ چاہتے ہیں جو دنیا کے ساتھ منسلک ہے۔‘

اعلامیے کے مطابق ’صدر جو بائیڈن نے ایک بار پھر زور دے کر کہا کہ امریکہ سعودی عرب کے دفاع اور علاقائی تحفظ کے حوالے سے پوری طرح پرعزم ہے اور مملکت کی جانب سے اپنے عوام اور خطے کو بیرونی خطرات سے بچانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو مزید موثر بنانے میں مدد کر رہا ہے۔‘

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکی فوج طیران جزیرے کی ترقی کے لیے راہ ہموار کرے گی۔

جمعے کو مملکت کی جانب سے پروازوں کے لیے فضائی حدود کھولے جانے کا بھی امریکہ کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں سعودی عرب کے ویژن 2030 کے پروگرام کو بہت سراہا گیا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ’اقتصادی اور سماجی اصلاحات کو نئی جہت دینے، معاشی میدان میں خواتین کی شرکت میں اضافے اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کی کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے فلسطین، شام، لبنان اور افغانستان سمیت مختلف عرب اور اسلامی ممالک کو درپیش مسائل کے حل پر بھی بات چیت کی۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر جو بائیڈن کو مملکت کے دورے کی دعوت دی تھی۔ 

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن دو روزہ سرکاری دورے پر جمعے کی شام جدہ پہنچے تھے۔ جہاں رائل ٹرمینل پران کا استقبال گورنر مکہ ریجن شہزادہ خالد الفیصل نے کیا۔

بعد ازاں امریکی صدر کو جدہ کے قصرالسلام میں لے جایا گیا جہاں ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ان کا استقبال کیا۔

جمعے کو ہی امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے