پی ٹی آئی کے باضمیر ارکان پرویز الہی کو ووٹ نہیں دیں گے:رانا ثنااللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان انوکھا لاڈلہ ہے جو نہ جیت کر خوش ہے اور نہ ہار کر خوش ہے۔ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہتے ہیں۔
جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِداخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہا گیا ہے۔پوری قوم اور سیاسی جماعتیں چیف الیکشن کمشنر سے مطمئن ہیں۔عمران خان کے چیف الیکشن کمشنر پر الزامات بے بنیاد اور لغو ہیں۔
وزیرِداخلہ کا کہنا تھا کہ یہ میرے بندے ادھر ادھر کرنے کے بیان پر عدالت گئے حالانکہ درخواست نہیں بنتی تھی۔ان کی خوش قسمتی ہے کہ سپریم کورٹ نے ان کی درخواست کو اس قابل نہیں سمجھا کہ مجھے بلاتے۔ اگر عدالت مجھے بلاتی تو میں کہتا کہ ان کا کام صرف دھمکیاں دینا اور الزام لگانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس بات کا امکان ظاہر کیا تھا پی ٹی آئی کے کچھ لوگ پرویز الہی کو ووٹ نہ دیں اور آج بھی کہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے باضمیر لوگ پرویز الہی کو ووٹ نہیں دیں گے۔عمران خان خود کہتے تھے کہ پرویز الہی پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ہے۔ پی ٹی آئی کے 50 ارکان حمزہ شہباز کو ووٹ دے سکتے ہیں۔
رانا نا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ پیسوں کی سیاست پر لعنت بھیجتی ہے۔ ہم سب سے رابطے کر رہے ہیں اور یہ ہمارا جمہوری حق ہے اور انتخابات میں سیاسی آپشن استعمال کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیسے دینے کی وڈیو تو ان کے لوگوں کی پکڑی جا رہی ہے۔ جن کا جہاز چلا تھا وہ تسلیم کرتے ہیں کہ جہاز بھی چلا اور مال بھی۔
نئے چیئرمین نیب سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیرِداخلہ کا کہنا تھا کہ الزام تو سب پر لگتے ہیں لیکن آفتاب سلطان کا کیریئر گواہ ہے کہ وہ ایک دیانت دار اور میرٹ کے مطابق کام کرنے والے افسر ہیں۔

