حکومت نے بجلی کی قیمت میں فوری اضافہ کر دیا
حکومت پاکستان نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے تین روپے کا فوری اضافہ کردیا ہے۔
منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ صنعتی فیڈرز پربجلی کی فراہمی 24 گھنٹے جاری رہے گی، ملک کے 5 برآمدی شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر سستی بجلی اورگیس فراہم کی جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ٹیرف دینا چاہتے ہیں، کابینہ جلد ٹیرف کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ کابینہ نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، اس اضافےکا بڑا حصہ فیول سرچارج بن کر آرہا ہے، بجلی کی قیمت میں 26 جولائی سے ساڑھے 3 روپے کا اضافہ ہے، تین ماہ کے اندر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
ان کاکہنا تھا کہ تین ماہ مشکل ہیں، نومبر کے بعد کمی آجائے گا، ہمیں ایندھن کی قیمت میں اضافے کا سامنا ہے، ایک تہائی صارفین پر بجلی کی قیمت میں اضافے کا اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں سے معاملات حل ہونے جارہے ہیں۔

