ایل پی جی مافیا بے لگام، 24 گھنٹے میں10 روپے فی کلو اضافہ
پاکستان میں ایل پی جی کی قیمت میں 24 گھنٹوں کے دوران دوسری بار اضافہ سے 10 روپے فی کلو مزید مہنگی ہو گئی۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز کی طرح حالیہ اضافہ بھی اوگرا کی جانب سے کسی نوٹیفکیشن کے بغیر کیا گیا ہے۔
چیئرمین ایسوسیایشن عرفان کھوکھر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اوگرا کی جولائی 2022ء کے لیے قیمت 220روپے فی کلو تھی، جس کے مطابق گھریلوسلنڈر 2600 اور کمرشل سلنڈر 9988 روپےکا دستیاب تھا۔ ایل پی جی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافے سے گھریلو سلنڈر 120روپے اور کمرشل سلنڈر 455 روپے مہنگا ہوگیا۔
قیمت میں حالیہ اضافوں کے بعد گھریلو سلنڈر 240 روپے فی کلو بڑھنے سے 2835روپے اور کمرشل سلنڈر 10900 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
عرفان کھوکھر کے مطابق جے جے وی ایل پلانٹ کی بندش کے باعث حکومت کو سالانہ 60 ارب روپے کانقصان ہو رہا ہے جب کہ بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی ہے۔حکومت نے قیمتیں کنٹرول نہ کیں تو ملک گیر ہڑتال اور وزات پٹرولیم کے سامنے دھرنا دیں گے۔

