پی ٹی آئی کے 11 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے، کون کون شامل؟
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ترجمان نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ ’سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے ہیں اور استعفوں کے نوٹی فیکیشنز الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے گئے ہیں۔‘
ترجمان قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق جن 11 ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ’ان میں این اے 22 مردان سے علی محمد خان اور این اے 24 چارسدہ سے فضل محمد خان کے نام شامل ہیں۔‘
’این اے 31 پشاور سے شوکت علی، این اے 45 کُرم ایک سے فخر زمان خان، این اے 108 فیصل آباد سے فرخ حبیب اور این اے 118 سے بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) اعجاز احمد شاہ کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔‘
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق ’این اے 237 ملیر کراچی سے جمیل احمد خان، این اے 239 کورنگی کراچی سے محمد اکرم چیمہ، این اے 246 کراچی جنوبی سے عبدالشکور شاد کے استعفے بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔‘
ان کے علاوہ خواتین کی مخصوص نشستوں سے ڈاکٹر شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار خان کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے جن 11 ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں صوبہ خیبر پختونخوا سے چار اور صوبہ پنجاب سے دو ارکان شامل ہیں۔
سندھ سے تحریک انصاف کے تین ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ہیں اور ان تمام کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ مخصوص نشستوں سے منتخب ہونے والی دو خواتین ارکان کے استعفے بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔

