دعا زہرا کے شوہر ظہیر کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم
پاکستان کی سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کیس میں ظہیر کے بھائی شبیر و دیگر اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔
جمعے کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو دعا زہرا کیس میں ظہیر کے بھائی شبیر و دیگر اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ بحال کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جس درخواست پر فیصلہ ہوا وہ درخواست نمٹائی جا چکی، 8 جون کو درخواست نمٹائی گئی جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے لا افسران نے اکاؤنٹس بحال کرنے کی حمایت کر دی۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ مقصد پورا ہوچکا، اکاؤنٹس بحال کرنے میں ہرج نہیں۔
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ کیس بڑا سادہ تھا، دعا زہرا بازیاب ہوچکی، بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ کا تفتیش سے کوئی تعلق نہیں۔
عدالت نے اسٹیٹ بینک، نادرا اور سی آئی اے کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔

