جوڈیشل کمیشن اجلاس کا تنازع مزید سنگین، آڈیو کلپ جاری
سپریم کورٹ کی طرف سے ایک اور اعلامیہ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس مؤخر کرنے کے حوالے سے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سچے ہیں۔
چیف جسٹس کی ہدایات پر ترجمان سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے ساتھ آڈیو کلپ کا لنک بھی دیا گیا ہے جو ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
بیان کے مطابق اعلامیے کو سپریم کورٹ کے دو معزز جج صاحبان نے متنازع بنایا جس کے بعد پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر تنازع کھڑا ہو گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ تنازع کو مدنظر رکھتے ہوئے جوڈیشل کمیشن اجلاس کی کارروائی کے ایک حصے کی آڈیو کو سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کیا جا رہا ہے۔
سپریم کورٹ کے بیان کے مطابق آڈیو ریکارڈنگ میں اٹارنی جنرل کا وہ بیان بھی شامل ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ رولز بنانے تک معاملہ موخر کیا جائے۔
چیف جسٹس کے بیان کے مطابق اٹارنی جنرل نے ہائی کورٹس کے ججوں کی نامزدگی کو مسترد نہیں کیا اس طرح جوڈیشل کمیشن کے پانچ اراکین نے اجلاس موخر کرنے پر رائے دی۔

