سابق وزیراعظم عمران خان کی مزید دس مقدمات میں ضمانت منظور
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کے معاملے میں درج مزید دس مقدمات میں درخواست ضمانت منظور کر لی گئی۔
ہفتے کو ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے سلسلے میں عمران خان اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پیش ہوئے جہاں جج کامران بشارت مفتی نے درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے عمران خان کی 10 مقدمات میں عبوری ضمانتوں کو کنفرم کردیا اور انہیں 5،5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمات درج کیے گئے تھے جس میں وہ عبوری ضمانت پر تھے۔
قبل ازیں اسلام آباد کی ہی مقامی عدالت نے 5 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت کو کنفرم کیا تھا تاہم اب عدالت نے دیگر 10 مقدمات میں بھی ان کی ضمانت کنفرم کی ہے۔
عمران خان کے خلاف غداری کا ایک مقدمہ تھانہ کوہسار میں بھی درج ہے جس میں عدالت نے ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

