استعفوں کی منظوری کے لیے درخواست،رجسٹرار آفس کے اعتراضات
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی بیک وقت منظوری کے لیے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا دیے ہیں۔
پی ٹی آئی نے درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی طرف سے ٹکٹروں میں پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کئے جانے کو چیلنج کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے اعتراض میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی اپنے استعفوں کی منظوری کے لیے انفرادی طور پر ہائیکورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں جبکہ ان میں سے کسی نے اس حوالے سے عدالت سے رجوع کرنے کا اپنی جماعت کو باقاعدہ اختیار نہیں دیا۔
پی ٹی آئی نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات تسلیم کرنے سے انکار کیا اور قواعد کے مطابق اب ان اعتراضات کا جائزہ ہائیکورٹ کے ایک معزز جج کل کھلی عدالت میں لیں گے۔

