ڈاکٹر مختار احمد نے چیئرمین ایچ ای سی کا چارج سنبھال لیا
ڈاکٹر مختار احمد نے ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) کے چیئرمین کے عہدے کا چارج سنھبال لیا۔
آج یکم اگست کو ڈاکٹر مختار احمد نے چیئرمین کا چارج سنبھالا۔قبل ازیں وہ 2014 سے 2018 تک چیئرمین ایچ ای سی، 2013 سے 2014 تک ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی اور 2005 سے 2011 تک رکن (آپریشنز اینڈ پلاننگ) ایچ ای سی کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
ڈاکٹر مختار احمد نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اعلیٰ تعلیم میں اصلاحات کی تشکیل اور نفاذ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے جامعات کی تعلیم تک رسائی میں اضافے ،معیار کی یقین دہانی کے نظام کو مضبوط کرنے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے فنڈز میں اضافے، یونیورسٹیوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، فیکلٹی، محققین اور یونیورسٹیوں کے قومی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں غیر قانونی طریقوں کو روکنے اور ان کی حوصلہ شکنی سمیت متعدد اقدامات اٹھائے۔
ڈاکٹر مختار احمد رباط، مراکش میں قائم اسلامی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (ISESCO) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں بھی ڈاکٹر مختار احمد نے بطور چیئرمین ایچ ای سی اعلی تعلیم میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بہت سے اصلاحات متعارف کروائیں تھیں۔ انہوں چربہ سازی کے معاملے میں بھی سخت اقدامات اٹھائے تھے اور ایچ ای سی کے وضع کردہ قواعد و ضوابط کے برخلاف کام کرنے والی جامعات کے خلاف سخت ایکشن لیا اور اس سلسلے میں ہر طرح کا دباؤ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔