لاپتہ افراد کیس، اہلخانہ کی کفالت کے لیے حکومت سے جواب طلب
پاکستان کی سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کے مقدمات میں اہل خانہ کی کفالت سے متعلق درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیئے۔
درخواست گزار کے وکیل سعادت یار خان نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت اس سے پہلے گمشدہ شہریوں کے اہل خانہ کی کفالت کا حکم دے چکی ہے۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا لاپتہ شہری سرکاری ملازم ہے۔ ضروریات ہر شہری کی ایک جیسی ہیں، آئینی حقوق مساوی ہیں۔
وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار کے شوہر دینی مدرسے کے ملازم تھے۔ سرکاری اہل کاروں نے فروری میں گلشن اقبال سے اغوا کیا۔ جبری گمشدگی کی ایف آئی آر درج ہوچکی ہے۔ بازیابی تک کفالت کا حکم دیا جائے۔ درخواست گزار کی 5 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
عدالت نے لاپتہ افراد کے اہل خانہ کی کفالت سے متعلق درخواست پر وفاقی حکومت کو 24 اگست کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

