شہباز گل کا ڈرائیور اظہار فرار، اہلیہ اور برادر نسبتی گرفتار
اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے ڈرائیور اظہار کی گرفتاری کے لیے اُن کے گھر چھاپہ مارا ہے۔
جمعرات کو ایک بیان میں پولیس نے کہا کہ شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر چھاپے اور گرفتاری کا عمل قانونی ہے۔
بیان کے مطابق ڈرائیور کے اہلِ خانہ نے کارِ سرکار میں عملی مزاحمت کی۔ البتہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس اس کیس سے جڑے تمام تر شواہد و ثبوت اکٹھے کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جہاں کہیں بھی قانونی کاروائی کی ضرورت پڑی پولیس اپنا کام کرے گی۔کیس کا دائرہ کار اسلام آباد کے علاوہ دیگر صوبوں تک بھی پھیلایا جاسکتا ہے۔جو لوگ ثبوت چھپانے یا شواہد مٹانے میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔عوام سے گزارش ہے کہ جھوٹی خبروں پر دھیان نہ دیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ غلط خبریں اور عوام میں اشتعال پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس قانون کی عملداری کو یقینی بنائے گی۔

