پی ٹی آئی کو امریکہ میں تشہیر کی ضرورت کیوں پڑی؟
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے امریکہ میں لابنگ فرم کی خدمات حاصل کئے جانے پر سوشل میڈیا صارفین اور سیاسی قائدین سوال اٹھا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی نے چھ ماہ کے لئے ۲۵ ہزار ڈالر ماہانہ پر لابنگ فرم فینٹن آر لوک کی خدمات حاصل کی ہیں۔ معاہدے کے مطابق کمپنی پی ٹی آئی کو پبلک ریلیشنز سروسز فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے امریکہ میں تشہیر کے لئے فرم کی خدمات حاصل کی ہیں۔ پی ٹی آئی بتائے کہ اسے امریکہ میں تشہیر کی ضرورت کیوں پڑی؟
جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمن نے کہا کہ امریکہ کے حوالے سے تحریک انصاف کا بیانیہ زمین بعد ہو چکا ہے۔پی ٹی آئی نے چھ ماہ کے لئے امریکی فرم کی خدمات حاصل کی ہیں اور یہ امریکہ میں اپنی ساکھ بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے فرم سے معاہدے کے کاغذات کے اردو ترجمے کے لیے کہا ہے تاکہ لائق فائق صحافی اور وزراء کو سمجھ آ سکے کہ یہ لابی فرم نہیں بلکہ میڈیا ریلیشن شپ کی فرم ہے جس کی خدمات پی ٹی آئی امریکہ نے میڈیا میں اپنا نقطہ نظر اجاگر کرنے کے لیے حاصل کی ہیں۔
فواد چوہدری کے مطابق ان کمپنیز کا کام ہوتا ہے کہ وہ میڈیا اور پارٹی میں تعلقات کار بنائیں۔
وفاقی وزیرُمنصوبہ بندی احسن اقبال نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ شرم تم کو مگر نہیں آتی!قوم میں امریکہ کے خلاف سازش تھیوری گھڑ کے ہیجان پیدا کیا ہوا ہے اور خود امریکہ سے ترلوں اور معافیوں پر اترا ہوا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ پہلے ایلچی بھیجے،پھر سفیر سے خود منت سماجت کی اور اب lobbyist رکھ کے معافی تلافی پر کام ہو رہا ہے۔ اس کپتان کے کتنے چہرے ہیں کمپیوٹر بھی پریشان ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔