پنجاب پولیس کا وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کے گھر چھاپہ
پاکستان کے شہر لاہور کی پولیس نے وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔عطا تارڑ گھر پر موجود نہیں تھے۔
پولیس کے مطابق عطا تارڑ کو تفتیش کے لئے نوٹس بھجوایا گیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔
ہفتے کووزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ جس گھر میں وہ 15 سال پہلے رہتے تھے پولیس کو وہاں بھیج دیا گیا۔
جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب پولیس نے گھر پر چھاپہ مارا تاہم وہ وہاں موجود نہیں تھے۔
معاون خصوصی عطا تارڑ نے پنجاب کے وزیر داخلہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہاشم ڈوگر صاحب، میرا خیال تھا کہ آپ وزیر ہیں لیکن آپ تو انتہائی غیر سنجیدہ کردار نکلے۔‘
پنجاب کے وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ عطا تارڑ قانون آپ کا انتظار کر رہا ہے۔آج پولیس نے لاہور میں آپ کے گھر نوٹس دیا ہے۔ اگر قانون کی طاقت سمجھتے ہیں تو لاہور پیش ہو جائیں۔
جمعے کو لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں عطا تارڑ، رانا مشہود اور محمد احمد خان کو ہراساں کرنے سے روک دیا تھا۔عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔

