بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فوج کی فائرنگ، اہل علاقہ کا احتجاج
پاکستان کی فوج کے اہلکاروں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد شدید فائرنگ کی جس کی زد میں قریبی آبادی بھی آئی ہے۔
فائرنگ سے دو مقامی باشندوں کے زخمی ہونے کے بعد اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کی اور گزرنے والی فوجی گاڑی پر پتھراؤ کیا۔
عینی شاہدین اور سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو کے مطابق مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے بھی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
دوسری جانب پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ 13 اور 14 اگست کی درمیاںی شب دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب خوست میں سیکورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا۔
اتوار کو جاری کیے گئے بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حملے کو کامیابی سے پسپا کرنے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب قریبی پہاڑوں میں کیا گیا۔
بیان کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کو روکنے اور گھیراؤ کی کوشش کے دوران دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کی گشت کرنے والی ٹیم کے درمیان بھی فائرنگ کا زبردست بھی تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’جھڑپ کے دوران پاک فوج کے دو بہادر سپوت نائیک عاطف اور سپاہی قیوم نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے موت کو گلے لگا لیا۔‘
فوج کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر میجر دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

