پاکستان

شہباز گل کی ضمانت اور مزید ریمانڈ کی درخواستیں، عدالتوں میں کیا ہو ا؟

اگست 15, 2022

شہباز گل کی ضمانت اور مزید ریمانڈ کی درخواستیں، عدالتوں میں کیا ہو ا؟

تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست پر سماعت میں حکومت نے دلائل کے لیےکل تک وقت مانگا ہے.

پیر کو سماعت کے آغاز میں سرکاری وکیل کی استدعا پر ایڈیشل سیشن جج زیبا چوہدری نے 11 بجے تک سماعت میں وقفہ کیا اور ہدایت کی کہ 11 بجے تفتیشی ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوں۔

وقفے کے بعد عدالت نے ہدایت کی کہ وکلا ضمانت کی درخواست پر بحث کریں۔ تاہم سرکاری وکیل نے منگل تک مہلت طلب کی.

عدالت نے ایک بار پھر مقدمے کا ریکارڈ طلب کر کے سماعت دو بجے تک ملتوی کی.

عدالت کے حکم کے باوجود پولیس ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا.

عدالت نے شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت کل دن ساڑھے بارہ بجے تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کو اب کوئی التوا نہیں دیا جائے گا.

عدالت میں شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ایک منٹ بھی بغیر وجہ کسی کو جیل نہیں رکھا جا سکتا جبکہ حکومت معاملہ لٹکانا چاہتی ہے۔

ادھر شہباز گل کے مزید جسمانی کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے تین وکلا پر مشتمل حکومتی قانونی ٹیم پیش ہوئی اور دلائل دیے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون، سپیشل پراسیکوٹر حسیب محمد چوہدری اور راجہ رضوان عباسی ایڈوکیٹ کے دلائل کے بعد عدالت نے شہباز گل کو کل کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے۔

شہباز گل کے وکیل نے بھی مقدمے کے اخراج کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے