ہم نے امریکہ کو 1998 میں ایبسوٹلی ناٹ کہا تھا: نواز شریف
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اُن کے ساتھ جو کچھ کیا گیا اُس کا حساب دینا ہو گا۔
اتوار کو لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اُن کے ساتھ پانچ سال سے ناانصافی پے ناانصافی ہوتی رہی مگر کوئی سوموٹو نوٹس نہیں لیا گیا۔ یہ سب جعلی اور من گھڑت مقدمات تھے۔ جو کچھ ہمارے ساتھ کیا گیا پاکستان کی پوری تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میری اہلیہ اور مریم کی والدہ بستر مرگ پر تھی جب ہمیں ظلم کا نشانہ بنایا گیا۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’مجھ سے انتقام لینا تھا لے لیتے، پاکستان سے انتقام لینے کا آپ کو کس نے کہا؟ مجھ سے انتقام لیتے لیتے آج آپ نے پاکستان کا بھٹہ بٹھا دیا ہے۔‘
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے دور میں ہر چیز مہنگی ہوئی، میرے دور تک عوام خوش تھے مطمئن تھے۔‘
نواز شریف نے کہا کہ اہلیہ کی موت کی اطلاع جیل میں دی گئی۔ ’یہ زندگی کے ایسے واقعات ہیں جو کبھی بھولے نہیں جا سکتے۔ مریم جب سے آئی ہے، میرے اور اپنے بھائیوں کے ساتھ اپنی ماں کی ہی باتیں کر رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اب مریم یہاں آئی ہے تو سرخرو ہو کر آئی ہے۔ سزا جھوٹی تھی اور فیصلہ جھوٹا تھا۔
’پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو سے ثابت ہو گیا تھا کہ ہمیں کیسے سزا سنائی گئی۔ جسٹس شوکت صدیقی کے بیان سے بھی سب کچھ واضح ہو چکا۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ سزا سنانے کا فیصلہ ایک ہفتے تک ملتوی کیا جائے مگر اُن کی استدعا مسترد کر دی گئی۔
’جب سزا کا فیصلہ سامنے آیا تو میں نے مریم سے کہا کہ ہم نے اب ملک واپس جانا ہے اور بتایا کہ بعض قومی امور ایسے ہیں جن کا تاریخ میں حساب نہیں دے سکیں گے اس لیے پاکستان جانے کا فیصلہ کیا۔‘
نواز شریف نے کہا کہ ’ہمارے جو پانچ سال ضائع کیے گئے ان کا جواب کون دے گا۔ میں عمران خان کو بتانا چاہتا ہوں کہ تمہارے دور میں وہ کام ہوا جو اس سے پہلے کسی کے دور میں نہیں ہوا۔‘
سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہمیں طشتری میں پانچ بلین ڈالر پیش کر دیے گئے پھر ہم نے کہا ایبسولوٹلی ناٹ۔‘
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے بتایا کہ انہیں ایٹمی دھماکے نہ کرنے پر پانچ ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بتایا تھا کہ 1998 میں ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے لیے انہیں اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن کی جانب سے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی تھی۔
نواز شریف نے کہا کہ ’آج مریم میرے ساتھ بیٹھی ہیں مجھے وہ سب مناظر یاد آ رہے ہیں۔ پاکستان جا کے ایئرپورٹ پر اترتے ہی جو انہوں نے ہمارے ساتھ کیا وہ آپ کے سامنے ہے۔‘
نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کے بارے میں کہا کہ ’جیسے کہ ایک بہادر بیٹی اپنے باپ کا ساتھ دیتی ہے مریم نے وہ ثبوت دیا ہے۔ میرے بھائی شہباز شریف اور پارٹی بھی ان کی معترف ہے۔‘