اہم خبریں متفرق خبریں

سندھ میں مسافر بس میں آگ لگنے سے 12 بچوں سمیت 17 ہلاک

اکتوبر 13, 2022 < 1 min

سندھ میں مسافر بس میں آگ لگنے سے 12 بچوں سمیت 17 ہلاک

Reading Time: < 1 minute

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو میں مسافر بس کو آگ لگنے سے 17 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

کراچی سے خیرپور ناتھن شاہ جانے والی مسافر بس میں سوار تمام افراد مغیری برادری سے تعلق رکھتے تھے۔

ڈپٹی کمشنر جامشورو آصف جمیل شیخ کے مطابق ’بدھ کی رات لگنے والی آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے 12 بچے، دو خواتین اور تین مرد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔‘

ادھر موٹروے پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ ’نوری آباد کے قریب موٹروے ایم 9 پر مسافر کوچ میں آگ اس کے ایئرکنڈیشن یونٹ میں لگی۔‘

’آگ لگنے سے 8 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ موٹروے پولیس نے زخمی مسافروں کو بروقت جلتی بس سے ایمرجنسی دروازے کے ذریعے نکالا۔‘

موٹروے پولیس نے مزید بتایا کہ ’زخمی مسافروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور مسافر کوچ میں لگنے والی آگ پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔‘

وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے مسافر کوچ کو آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اور ایس پی جامشورو کو متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے انتظامیہ کو حادثے کی جگہ پر ایمبولینس بھیجنے اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی۔

مراد علی شاہ نے انتظامیہ کو متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرنے کا کہا۔

انہوں نے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ بھیجنے کی بھی ہدایت کی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے