اہم خبریں متفرق خبریں

الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے ورنہ لانگ مارچ ہو گا:عمران خان

اکتوبر 17, 2022 2 min

الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے ورنہ لانگ مارچ ہو گا:عمران خان

Reading Time: 2 minutes

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو چند دن کی مہلت دے رہا ہوں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے بصورت دیگر لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چند دنوں میں کسی بھی وقت مارچ کی تاریخ کا اعلان کر دیں گے۔ لانگ مارچ کی تیاری مکمل ہے،حکومت کے پاس چند دن ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات ریفرنڈم تھا،جس طرح لوگوں نے ووٹ دیئے ثابت ہوتا ہے کہ قوم اسمبلی اور حکومت کو نہیں مانتی،قوم انتخابات چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف ضمنی الیکشن تمام جماعتوں نے مل کر لڑا پھر بھی انہیں شکست ہوئی،انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں ملیر کی نشست پر دوبارہ الیکشن کرایا جائے،وہاں دھاندلی کی گئی،چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا آدمی ہے،ہمیں اس پر اعتبار نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں یہ این آر او کے لئے مجھے بلیک میل کر رہے ہیں،جنرل مشرف نے انہیں این آر او دے کر ملک کو نقصان پہنچایا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اعظم سواتی کو گھر والوں کے سامنے مارا گیا،کس قانون کے تحت اسے پکڑا گیا،بطور پاکستانی مجھے شرم آتی ہے کہ ہم اپنے لوگوں کو کیسے ذلیل کر رہے ہیں،اعظم سواتی کو پولیس سٹیشن سے ایجنسیوں کے حوالے کر دیا گیا،اعظم سواتی پرتشدد کیا گیااور جنسی تشدد بھی کیا گیا۔دنیا میں کہاں آرمی چیف پر تنقید کرنے پر ایسی سزا ملتی ہے،دنیا حیران ہے۔دنیا میں پاکستانی جمہوریت، پاکستانی فوج اور آرمی چیف کی بدنامی ہوئی۔یہ ملک کی بدنامی اور اداروں کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے،کے پی اور پنجاب اسمبلی میں سپیشل سیشن ہوں گے اور اس کے علاوہ یہ معاملہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسداد تشدد کے اداروں کو بھجوایا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ مہنگائی ناقابل برداشت ہو چکی ہے،سارے اداروں سے کہتا ہوں جتنی دیر یہ مسلط رہیں گے ،ملک نیچے جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کی ضرورت صرف اور صرف صاف و شفاف الیکشن ہے،سیاسی استحکام کے بغیر معیشت درست نہیں ہو سکتی۔ یہ ڈرے ہوئے ہیں الیکشن سے۔ ساروں نے مل کر الیکشن لڑاپھر بھی نہیں جیت سکے۔ میں انہیں وقت دے رہا ہوں کہ یہ وقت ہے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں ورنہ مارچ کریں گے۔ چند دن کا وقت ہے ورنہ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔میرا مارچ اکتوبر سے آگے نہیں جائے گا۔

آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر ہونی چاہئے،آرمی چیف نہ عمران خان کا آدمی ہونا چاہئے اور نہ کسی اور کا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے