کیڈٹ کالج مری میں کم عمرطالب علم سے زیادتی،مقدمہ درج
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے سیاحتی مقام مری میں واقع کیڈٹ کالج مری میں زیرتعلیم ساتویں جماعت کے طالب علم سے ہاسٹل میں اسلحہ کی نوک پر مبینہ زیادتی ہوئی جس کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔
تھانہ مری پولیس نے متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں زیادتی کرنے والے 2 ملزمان سمیت مدد کرنے میں ملوث 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے 2 کو گرفتار کرلیا۔
مقدمے میں متاثرہ بچے کے والد نے بتایا کہ میں لاہور کا رہائشی ہوں اور اپنے 12 سالہ بیٹے کو کیڈٹ کالج مری میں داخل کروا رکھا ہے، جو کالج کے ہاسٹل میں رہائش پذیر ہے۔بیٹا ساتویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔ 16 اکتوبر کو فون پر بیٹے سے بات ہوئی تو اس نے رونا شروع کردیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق بار بار دریافت کرنے پر بیٹے نے کچھ نہ بتایا تو بیٹے کو لے کر گھر آ گیا۔ بیٹا انتہائی خوف زدہ اور سہما ہوا تھا۔ کچھ وقت بعد اس کے حواس بحال ہوئے تو اس نے گواہوں کی موجودگی میں بتایا کہ 10 اکتوبر کی شب ہاسٹل کے کمرے میں سو رہا تھا کہ حسن آفریدی، شاہنواز، تیمور اور سعود مسلح حالت میں آئے۔
بیٹے نے بتایا کہ سعود کے ہاتھ میں پستول تھا، جس نے مجھے جگایا اور تیمور نے میرے گلے پر ہاتھ رکھ کر دبائے رکھا۔ دیگر 2 افراد حسن آفریدی اور شاہنواز نے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا اور کسی کو بتانے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ بعد ازاں بیٹے نے تمام واقعہ پرنسپل کو بتایا تو پرنسپل نے ڈانٹ ڈپٹ کرکے بیٹے کو چپ کرادیا اور دھمکی دی کہ کسی سے ذکر کیا تو کالج سے نکال دوں گا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ساتویں جماعت کے طالب سے زیادتی کرنے کے مقدمے میں ملوث 2 ملزمان حسن آفریدی اور سعود آفریدی کو گرفتار کرلیاگیا ہے جب کہ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بچے سے ذیادتی کرنے والے سی سی ایم کے سینئر طالب علم ہیں۔