کالم

خواب دیکھنے میں کیا برائی ہے؟

اکتوبر 28, 2022 2 min

خواب دیکھنے میں کیا برائی ہے؟

Reading Time: 2 minutes

اسے بیشک دیوانے کا خواب سمجھ لیں۔ خواب دیکھنے میں کیا برائی؟

میں اور آپ بیشک عمران خان کے ماننے والوں کو زومبی کہہ لیں، کلٹ کہہ لیں لیکن جمہوریت کا بہت سادہ سا اصول ہے۔ جسے عوام رکھے اسے کون چکھے؟ پس اگر عوام خان صاحب کو ووٹ دے کر مسند اقتدار پر بٹھانا چاہتے ہیں تو یہ عوام اور خان صاحب دونوں کا حق ہے۔ یہاں تک بات ہوگئی سیدھی۔

اب مجھے خان صاحب کی نیت پر بہت شکوک و شبہات ہیں، لیکن وہ میری ذاتی رائے ہے۔
کچھ دیر کے لیے ہم تمام شکوک و شبہات ایک جانب رکھ کر خواب کی بات کرتے ہیں۔ بات کرنے میں بھلا کیا مضائقہ؟ ہم فیس ویلیو face value پر جاتے ہیں۔ خان صاحب سمجھتے ہیں وہ ملک کا بھلا کر سکتے ہیں۔ چلیے کچھ دیر کے لیے مان لیتے ہیں۔ لیکن یہی face value تمام فریقین کے بارے میں شکوک و شبہات سے بالاتر ہو کر مانتے ہیں۔

تو پہلی بات ہم نے یہ مانی کہ خان صاحب کی عوام کے اندر سپورٹ موجود ہے۔

ٹھیک ہو گیاFair enough.

اپنے تمام تر شکوک و شبہات ایک جانب رکھ کر دوسری بات ہم یہ مان لیتے ہیں کہ خان صاحب کے مخالفین بھی فوج کے ڈسے ہوئے ہیں۔ یقیناً جو ایک بار فوج کا ڈسا جا چکا ہو وہ دوسری تیسری یا چوتھی بار یہی اذیت نہیں سہنا چاہے گا۔ تو خواب کے طور پر ہی سہی، ایک بار مان لیتے ہیں کہ اپوزیشن آئندہ فوج کے عتاب کا شکار نہیں ہونا چاہے گی۔

آگے چلتے ہیں۔

فوج کہتی ہے کہ ہم نے سیاست میں حصہ نہ لینے کا تہیہ کیا ہے۔ یہ تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ فوج کھل کر میڈیا کے سامنے پچھلی غلطیاں بھی مان رہی ہے اور آئندہ غلطی نہ کرنے کا اعلان بھی کر رہی ہے۔

ہاں، مجھے معلوم ہے کہ ماضی کا ٹریک ریکارڈ بدترین ہے، لیکن بات وہی، خواب ہے، دیکھ لیتے ہیں۔ اچھی فیلنگ ہی آتی ہے۔

تو گویا ہم نے تمام شراکت داروں stake holders کی فیس ویلیو face value پر ایک بار یقین کر کے مان لیا کہ سبھی مثبت ہیں۔

تو کیا برا ہے کہ تمام فریقین مل بیٹھ کر ایک بار پھر صدق دل سے ایک نیا میثاق جمہوریت وضع کریں تاہم پچھلی بار کے برعکس اس بار اسے قانونی شکل دینے کی کوشش کریں؟

ممکن ہے یہ بہت پچیدہ معاملہ ہو، لیکن تمام فریقین صرف فوج سے روابط، شفافیت اور عدلیہ کی تقرری پر میں موجود قانونی سقم دور کرنے کے لیے پہلی نیک نیتی پر مبنی کوشش کر کے دیکھ لیں تو ممکن ہے آئندہ ہم سب کو ایک بہتر پاکستان دیکھنے کا موقع مل سکے؟

ہاں مجھے معلوم ہے کہ اس سارے خواب میں بہت سے اگر مگر لیکن وغیرہ وغیرہ موجود ہیں تاہم۔

خواب دیکھنے میں کیا برائی ہے؟

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے