دو خاندانوں نے چار گنا ملکی قرضہ بڑھایا:عمران خان
Reading Time: 2 minutesتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب سے ہم گئے معیشت کا قتل ہوا،دو خاندانوں نے چار گنا ملکی قرضہ بڑھایا ہے۔
منگل کو لانگ مارچ کے شرکا سے بذریعہ وڈیو لنک اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پچاس سال میں سب سے ذیادہ مہنگائی ان سات ماہ میں ہوئی ہے۔ہمارے دور میں معیشت ترقی کر رہی تھی،آج نیچے جا رہی ہے،پاکستان کی معیشت اتنی کمزور ہو چکی کہ پاکستان قرض واپس نہیں کر سکتا۔جن لوگوں نے سازش سے ہمیں نکالا ان سے پوچھتا ہوں کہ اس کا زمہ دار کون ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا کہ شہباز شریف جینیس ہے، میں نے اسٹبلشمنٹ کو سمجھایا کہ ملک ان سے نہیں سنھبالا جائے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نوے کی دہائی میں پاکستان،بھارت اور بنگلہ دیش سے آگے تھا۔جب یہاں یہ دو خاندان آئے قوم مقروض ہو گئی،یہ امیر ہوتے گئے اور قوم مقروض ہوتی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ُ مجھے دورہ برطانیہ کی دعوت ملی میں نہیں گیا،نواز شریف نے سرکاری خرچے پر تئیس بار برطانیہ کا دورہ کیا، زرداری پچاس دفعہ نجی دورے پر دبئی گیا،ان کے بزنس باہر ہیں ،یہ باہر بھاگ جاتے ہیں جب ان کو خطرہ ہوتا ہے ،جس پر کیس ہوتا ہے وہ باہر بھاگ جاتا ہے۔یہ باہر جا کر ڈیل کرتے ہیں اور گرین سگنل ملنے پر واپس آ جاتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حقیقی آذادی انصاف سے آتی ہے۔ قانون کی حکمرانی لوگوں نے پاکستان میں دیکھی ہی نہیں ہے،مسائل انصاف کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے ہیں،یہ جنگل کا قانون ہے۔جنگل کے نظام سے خوشحالی نہیں آتی۔
انہوں نے چیف جسٹس سے ارشد شریف قتل کیس،اعظم سواتی پر تشدد اور خود پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہے اس کے باوجود میرا کیس درج نہیں ہوا،چیف جسٹس صاحب یہ لمحہ فکریہ ہے۔