تیسری پوزیشن کروشیا نے حاصل کر لی، مراکش کو شکست
Reading Time: < 1 minuteقطر میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کے لیے مراکش اور کروشیا کے درمیان میچ خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
کروشیا نے مراکش کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
میچ کا پہلا گول کروشیا کے جوسکو گوارڈیول نے میچ کے ساتویں منٹ میں کیا۔ تاہم مراکش کے اشرف داری نے دو منٹ بعد گول کرکے سکور برابر کر دیا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے پہلے کروشیا کے آرسک نے گول کرکے کروشیا کو پھر برتری دلادی جو کہ میچ کے آخر تک برقرار رہی۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں کروشیا اور مراکش کے کوچز نے ان کھلاڑیوں کو مواقع دیے جن کو ٹورنامنٹ کے دوران بنچ پر بٹھایا گیا تھا.
مراکش کپتان رومین سائیس کے بغیر میدان میں اترا جنہوں نے فرانس کے خلاف سیمی فائنل میں صرف 21 منٹ کا کھیل کھیلا تھا جس کے بعد ان کو تبدیل کر دیا گیا تھا۔
مراکش کے کوچ ولید ریگراگی کے مطابق سیمی فائنل میں رومین سائیس کو کھلانے کا خطرہ مول لینا درست تھا لیکن پلے آف کے لیے خطرہ نہیں لے سکتے۔
’ہم خطرہ نہیں مول لیں گے خاص کر سائیس کے حوالے سے۔ وہ میچ کے لیے ان فٹ قرار دیے گئے۔‘
کروشیا اور مراکش کا یہ اس ورلڈ کپ میں دوسرا ٹاکرا تھا۔ کروشیا اور مراکش ایک ہی گروپ میں تھے اور دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ میچ بغیر کسی سکور کے برابر رہا تھا۔