اہم خبریں متفرق خبریں

دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہیں: امریکہ

دسمبر 20, 2022

دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہیں: امریکہ

امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہر بنوں میں صورتحال سے باخبر ہیں جہاں عسکریت پسندوں نے انسداد دہشت گردی کے مرکز پر قبضہ کر لیا ہے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران سوال کے جواب میں کہا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

ترجمان نے سکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مدد کی پیشکش بھی کی۔

’ہم پاکستان کے حالات سے باخبر ہیں اور بنوں سے آنے والی رپورٹس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہماری ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ بنوں واقعے میں ملوث عناصر پر زور دیتے ہیں وہ اس قسم کے اقدامات بند کر دیں، یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کریں اور انسداد دہشت گردی سینٹر کا قبضہ ختم کریں۔

نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے چیلنجز ایک جیسے ہیں۔ افغانستان کے علاوہ پاکستان افغان سرحدی علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے گروہ موجود ہیں۔

’پاکستان ہمارا پارٹنر ہے اور اس کی مدد کے لیے تیار ہیں، چاہے وہ مذکورہ واقعے کے حوالے سے ہو یا پھر وسیع پیمانے پر۔‘

خیال رہے پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے حراستی مرکز میں اتوار کو عسکریت پسندوں نے سکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

عسکریت پسندوں کی جانب سے افغانستان تک فضائی رسائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے