بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ، شہباز گل کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں جاری مقدمے میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے شہباز گل کے خلاف افواج پاکستان کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں درج مقدمے سے حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے شہباز گل کو اگلی سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی۔
شہباز گل سماعت کے لیے عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور اُن کے وکیل نے بتایا کہ وہ دمے کے مریض ہیں، لاہور سے اسلام آباد آتے ہوئے اُن کو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ شہباز گل پہلے بھی اس مقدمے میں گرفتار رہ چکے ہیں اور عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ قید کے دوران شہباز گل کو برہنہ کر کے تشدد کیا گیا تھا۔

