پاکستان

ملک دلدل میں اور تیزی سے تباہی کی جانب گامزن: عمران خان

دسمبر 22, 2022

ملک دلدل میں اور تیزی سے تباہی کی جانب گامزن: عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک ایک دلدل میں پھنستا جا رہا ہے۔ ’ہر اُس پاکستانی سے بات کر رہا ہوں جس کا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔‘

جمعرات کو لاہور کے گورنر ہاؤس کے باہر موجود پی ٹی آئی کے مظاہرین سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب اُن کی حکومت گرائی گئی اُس وقت پاکستان ترقی کر رہا تھا۔

’آٹھ ماہ بعد اب پاکستان ایسی جگہ کھڑا ہے جہاں اندھیرا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اپنی صوبائی حکومتیں تحلیل کرنے کا اس لیے فیصلہ کیا کہ ملک جس تیزی سے تباہی کی طرف جا رہا ہے سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ اُن کو اور اُن کی جماعت کے ساتھ غداروں جیسا سلوک کیا گیا۔

’ہماری حکومت کو ایک آدمی نے گرایا۔ ساری قوم نے پیغام دیا کہ امپورٹڈ حکومت منظور نہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ 70 فیصد پاکستانی کہہ رہے ہیں کہ ملک کے مسائل کا حل صرف شفاف الیکشن ہے۔

’ایک آدمی نے فیصلہ کیا کہ اُس نے پی ٹی آئی کو ختم کرنا ہے، عمران خان کو ختم کرنا ہے، نااہل کرنا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ اُن کے دور میں ایکسپورٹ ریکارڈ تھیں اب گر رہی ہیں، ملک کی ٹیکس آمدن کم ہو رہی ہے۔

’آج فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں اور مزدور بے روزگار ہو رہے ہیں۔ خوف ہے کہ قرضوں کی قسط ادا کرنے کے لیے ڈالرز نہیں ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی کو آگے روشنی نظر نہیں آ رہی ہے۔ امید ختم ہو رہی ہے۔

’ہمارے دور میں دہشت گردی ختم ہو گئی ہے، افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ لگا دی تھی۔ ہماری حکومت کی وجہ سے کئی لاکھ لوگوں کا افغانستان سے انخلا کیا گیا۔‘

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ وہ ضرار کمپنی کے کمانڈوز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ’لیکن میں سوال یہ پوچھتا ہوں کہ ہماری خارجہ پالیسی اور وزیر خارجہ کہاں ہے۔ وہ اپنے دوروں پر پونے دو ارب روپے خرچ کر چکا ہے لیکن افغانستان نہیں گیا۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ پنجاب میں مذاق ہو رہا ہے۔ ہم اپنی حکومت تحلیل کر رہے ہیں، یہ ہمارا حق ہے، یہ کیوں تماشا لگا رہے ہیں کہ گورنر راج نافذ کر دو، کیونکہ یہ الیکشن سے ڈر رہے ہیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے