اسلام آباد کا خودکش دھماکہ، غریب ٹیکسی ڈرائیور کون تھا؟
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور دھماکے میں ہلاک ہونے والے ٹیکسی ڈرائیور کے خاندان کے لیے ایک کروڑ روپے کے مالی پیکج کی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحقیقات کی روشنی میں ڈرائیور کے خاندان کےلیے مالی پیکج کی منظوری دی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر مالی پیکج کا چیک سید سجاد حیدر شاہ کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔
تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ سید سجاد حیدر شاہ کا دہشت گردوں یا اُن کے منصوبے سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔
سجاد حیدر شاہ کی ٹیکسی میں 23 دسمبر کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں دھماکہ ہوگیا تھا۔
سید سجاد حیدر کا بنیادی طورپر تعلق رہانہ، ضلع چکوال سے تھا اور وہ راولپنڈی میں مسلم آباد، ڈھوک سیداں میں رہائش پزیر تھا۔ سید سجاد حیدرشاہ کے پسماندگان میں اہلیہ اور چار بچے ہیں۔
وزیر اعظم نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خود کش حملے میں ہلاک ہونے والے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل سید عدیل حسین کو شہدا پیکج دینے کا حکم دیا تھا۔

