پاکستان

قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنےدی جائے گی: نیشنل سکیورٹی کمیٹی

دسمبر 30, 2022

قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنےدی جائے گی: نیشنل سکیورٹی کمیٹی

پاکستان کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے شرکا نے کہا ہے کہ قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

جمعے کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اجلاس تین گھنٹے جاری رہا.

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’اجلاس نے دوٹوک رائے کا اظہار کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو بھی قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیں گے۔‘

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا، سروسز چیفس اورانٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق ’پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا نہایت جرات وبہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے تحفظ کیا جائے گا۔‘

اجلاس نے ملکی معیشت اور امن وامان کا تفصیل سے جائزہ لیا۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ملک کی معاشی صورتحال اور چیلنجز سے آگاہ کیا اور اس ضمن میں حکومت کی طرف سے اختیار کی گئی معاشی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں شرکا کو بریفنگ دی۔

انٹیلی جنس اداروں نے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی اور دہشت گردی کی حالیہ لہر سے متعلق عوامل اور ان کے سدباب کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

وزیر مملکت خارجہ محترمہ حنا ربانی کھر نے افغانستان کی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی اور پاکستان کے افغانستان کی عبوری حکومت سے ہونے والے رابطوں سے آگاہ کیا۔

اجلاس نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردپاکستان کے دشمن ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف ایک بیانیہ پر متحد ہے۔ پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب ملے گا۔

اعلامیے کے مطابق نیشنل سکیورٹی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس بروز پیر مورخہ 2 جنوری 2023کو جاری رہے گا جس میں سامنے آنے والی تجاویز کی روشنی میں مزید فیصلے کیے جائیں گے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے