بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں، ہائیکورٹ کا فیصلہ انٹراکورٹ اپیل میں چیلنج
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی اپیل میں الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دن کے نوٹس پر انتخابات کے لیے انتظامات کرنا ممکن نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ انٹراکورٹ اپیل کی سماعت آج ہی کی جائے اور بلدیاتی انتخابات کرانے کے حکمنامے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعے کی شام اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر (آج) کرائے جائیں۔
اسلام آباد میں عدالتی فیصلے کے بعد سنیچر کی صبح مختلف یونین کونسلوں میں شہری بلدیاتی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے نکلے تاہم پولنگ سٹیشن پر انتخابی عملہ موجود نہیں تھا۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو فوٹیج میں کچھ علاقوں میں شہریوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے قطاروں میں کھڑے دکھایا گیا۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی ہے اس پر سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔
جمعے کی شام ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے فوری انعقاد کی ہدایت کی تھی۔
اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
عدالت نے وزارت داخلہ کا 19 دسمبر کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا تھا جبکہ انتخابات ملتوی کرنے کے 27 دسمبر کو دیے گئے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو بھی ختم کر دیا تھا۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت کے بلدیاتی الیکشن کے التوا کے فیصلے پر نظرثانی اور 31 دسمبر کو انتخابات کرانے سے معذرت کر لی تھی۔

