ہم جیسے ججوں کے کردار پر کوئی سوال نہیں اُٹھا سکتا: ثاقب نثار
پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خود پر لگے الزامات کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے ساتھ بینچ میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس عمر عطا بندیال تھے جن کے کردار پر کوئی سوال نہیں اُٹھا سکتا۔
نیوز چینل جیو کو سوالات کے تحریری جواب میں انہوں نے کالم نویس جاوید چودھری کے جنرل باجوہ سے ملاقات کے بعد تحریر میں عائد الزامات کو گمراہ کُن قرار دیا ہے۔
عمران خان کے سابق قریبی ساتھی عون چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں جہانگیر ترین نااہلی کیس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور عمران خان کے درمیان ہوئی گفتگو کے حوالے سے انکشافات کیے تھے۔
سابق چیف جسٹس آف پاکستان ریٹائرڈ ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اعلیٰ ترین فوجی افسروں سمیت کسی میں یہ جرات نہیں تھی کہ کوئی رعایت حاصل کرنے کے لیے ان سے رابطہ کرے۔
ثاقب نثار نے جیو نیوز کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے تحریری جواب میں کہا کہ عمران خان اپنے یا جہانگیر ترین کے لیے مجھ سے رابطہ کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔

