پاکستان

جنرل باجوہ نے کہا کہ آپ کی فائلیں، آڈیوز موجود ہیں: عمران خان

جنوری 1, 2023

جنرل باجوہ نے کہا کہ آپ کی فائلیں، آڈیوز موجود ہیں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ نے آخری ملاقات میں اُن کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی تھی.

اتوار کو زمان پارک لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’میں امریکہ مخالف نہیں صرف ان کی غلامی کے خلاف ہوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ڈونلڈ لو کو پاکستان سے پڑھایا گیا تھا کہ عمران خان امریکہ مخالف ہے۔‘

عمران خان نے جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’جنرل باجوہ نے امریکہ میں حسین حقانی کو لابنگ فرم کے ذریعے ہائر کیا جنہوں نے امریکہ میں میرے مخالف لابنگ کی۔ مجھے علم تھا نہ ہی وزارت خارجہ کو حسین حقانی کی ہائرنگ کا علم تھا۔‘

سابق آرمی چیف سے آخری ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’جنرل باجوہ نے مجھے کہا کہ اپ کے لوگوں کی فائلیں موجود ہیں، آڈیوز موجود ہیں۔ مجھے جنرل باجوہ نے کہا کہ آپ بھی پلے بوائے رہے ہیں اور میں نے کہا ہاں میں رہا ہوں تو؟‘

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اس بات پر جنرل باجوہ سے پوچھا کہ کیا آئی ایس آئی کا اب یہ کام رہ گیا ہے؟ ان کے پاس میرے خلاف کوئی کرپشن کے ثبوت نہیں تو بشریٰ بی بی کے خلاف باتیں پھیلائی گئیں۔‘

’جنرل باجوہ پیٹھ میں چُھرا مار رہے تھے اور ہمدردی بھی کر رہے تھے۔ جنرل باجوہ احتساب نہیں کرنا چاہتے تھے اس لیے تعلقات خراب ہوئے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے