اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں مسلح افراد کی لڑکی سے اجتماعی زیادتی
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ رپورٹ کیا گیا ہے۔
تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے کے مطابق یہ واقعہ جمعرات دو فروری کو شام آٹھ بجے کے لگ بھگ پیش آیا جب متاثرہ لڑکی اپنے دوست کے ساتھ پارک میں واک کر رہی تھی۔
اسلام آباد کی پولیس نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور مشکوک افراد کے ڈی این اے بھی لیے جا رہے ہیں۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ کیمروں اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جلد ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ ایف نائن پارک میں دو مسلح افراد نے ان کو ڈرا دھمکا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق زیادتی کے بعد ان کے کپڑے دُور پھینکے گئے تاکہ وہ بھاگ نہ سکیں۔
ان کے مطابق مسلح افراد نے ان کو چیزیں واپس کیں اور کہا کہ ’کسی کو کچھ نہیں بتانا، اس وقت پارک نہ آیا کرو اور خود جنگل کی جانب بھاگ گئے۔‘
ایف آئی آرکے متن کے مطابق مسلح افراد نے لڑکی کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور جنگل میں ان کے دوست کو بھی مارا پیٹا اور علیحدہ کیا گیا۔
پولیس نے متاثرہ لڑکی کا میڈیکل پمز ہسپتال سے کروایا ہے۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ مارگلہ میں درج کی گئی ہے۔

