پاکستان

پنجاب اور پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں: صدر کا الیکشن کمشنر کو خط

فروری 8, 2023

پنجاب اور پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں: صدر کا الیکشن کمشنر کو خط

اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے کارکن اور پاکستان کے صدرعارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں۔

بدھ کو چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں عارف علوی نے کہا ہے کہ ’الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے تاکہ صوبائی اور مستقبل کے عام انتخابات کے حوالے سے خطرناک قیاس آرائیوں پر مبنی پروپیگنڈے کو ختم کیا جا سکے۔‘

انہوں نے اپنے خط میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 224 اسمبلی کے تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرانے پر زور دیتا ہے۔

صدر کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کا بنیادی اور لازمی فرض ہے۔
’آئین کا آرٹیکل 218 (3) ای سی پی کو شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے۔‘

صدر عارف علوی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ’اگر الیکشن کمیشن اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہا تو بالآخر کمیشن ہی کو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار اور جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔‘

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو آئین کے تحت ان کے حلف کے مطابق بنیادی ذمہ داری کی یاد دہانی کرائی ہے۔

’آئین اور الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج سے بچنے کے لیے دونوں تحلیل شدہ اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول کا فوری اعلان کیا جائے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے