پاکستان

طورخم پر کشیدگی، پاک افغان بارڈر دوسرے روز بھی بند

فروری 21, 2023

طورخم پر کشیدگی، پاک افغان بارڈر دوسرے روز بھی بند

پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم کی سرحدی گزرگاہ دوسرے روز بھی ہرقسم آمدورفت کے لیے بند ہے۔

پشاور سے سینیئر صحافی عظمت گل کے مطابق طورحم بارڈر پر منگل کو افغان اور پاکستانی حکام کے درمیان اجلاس ہو گا جس میں ناخوشگوار واقعے پر تفصیلی گفتگو کا امکان ہے۔

اُنہوں نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔

پاکستان کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ دو روز قبل ایک افغان شہری نے مریض کےہمراہ بغیر ویزہ پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق ایف سی حکام نے افغان شہری کو واپس افغانستان بھیج دیا تھا جس کے بعد دوسری طرف سے اشتعال کا مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستان کے سرحدی حکام کا دعوی ہے کہ افغان شہری کو واپس بھیجنے پر افغان فورسز نے مشتعل ہو کر سرحد کو ہر قسم آمدورفت کے لیے بند کیا ہے۔

سیکوراتی ذرائع کے مطابق گزشتہ صبح افغان فورسز نے بلا اشتعال ایف سی چیک پوسٹوں پر فائرنگ کی جس سے ایک ایف سی اہلکار زخمی بھی ہوا۔

سیکورٹی ذرائع کا دعوی ہے کہ ضلع خیبر سے متصل افغان سرحد پر ایف سی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہا۔

مسئلے پر اسلام آباد میں سفارتی سطح پر مذاکرات کا بھی امکان ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے