عالمی خبریں

ترکیہ میں 15 لاکھ زلزلہ متاثرین کے لیے گھر، 25 ارب ڈالر کا منصوبہ؟

فروری 26, 2023 2 min

ترکیہ میں 15 لاکھ زلزلہ متاثرین کے لیے گھر، 25 ارب ڈالر کا منصوبہ؟

Reading Time: 2 minutes

ترکیہ نے رواں ماہ کے تباہ کن زلزلے کے بعد گھروں کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چھ فروری کو آنے والے زلزلے سے ترکیہ میں ایک لاکھ 60 ہزار عمارتیں بری طرح متاثر ہوئیں جن میں پانچ لاکھ 20 ہزار اپارٹمنٹس کے رہائشی اب عارضی پناہ گاہوں میں ہیں۔

ترکیہ حکومت کے ابتدائی منصوبے کے مطابق دو لاکھ اپارٹمنٹس اور دیہات میں 70 ہزار مکانات تعمیر کیے جانے ہیں جن پر 15 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔

امریکہ کے جے پی مورگن بینک کے تخمینے کے مطابق ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی رہائش گاہوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو کے لیے 25 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔

ترکیہ میں ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینیجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا کہ جمعے کی رات تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 218 ہو گئی جبکہ شام کے تازہ ترین اعلان کردہ اعداد وشمار کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہزار 914 ہے۔

صدر رجب طیب اردوغان نے ایک سال کے اندر متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر نو کا وعدہ کیا ہے۔ جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ حکام کو تعمیرات میں حفاظتی معیار کو رفتار سے پہلے رکھنا چاہیے۔

ترکیہ حکومت کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’کئی پراجیکٹس کے لیے ٹینڈرز اور کنٹریکٹ کیے گئے ہیں۔ یہ عمل بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کے لیے اضافی خیمے بھیجے گئے ہیں، لیکن متاثرین نے شکایت کی ہے کہ اُن کو ٹینٹس کی کمی کا سامنا ہے۔

ہاسا قصبے میں ایک سکول کے باہر امداد حاصل کرنے کے لیے قطار میں کھڑے 67 برس کے میلک نے بتایا کہ اُن کے آٹھ بچے ہیں اور وہ ایک خیمے میں رہ رہے ہیں۔ ’بارش سے بھی مسئلہ ہے اور زمین میں بھی نمی ہے۔‘
ایک رضا کار سومائی کارابوسک نے کہا کہ خیموں کی کمی سب سے بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

زلزلے سے بڑے پیمانے پر عمارتوں کے گرنے کے بعد حکام کی جانب سے تعمیراتی معیار کو نظرانداز کرنے پر صدر اردوغان کی حکومت کو تنقید کا سامنا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے