پاکستان میں سمگل شدہ چینی سے بھری ٹرین کہاں پکڑی گئی؟
پاکستان میں کسٹمز حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سرحدی علاقے میں سینکڑوں ٹن چینی سے بھری ٹرین پکڑی گئی ہے بیرون ملک سمگل کی جا رہی تھی۔
جمعے کی شام کسٹمز حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی میں ایک ٹرین سے 112 ٹن چینی کی بوریاں پکڑی گئیں۔
حکام کے مطابق چاغی کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر کارروائی کی گئی۔
کوئٹہ سے چاغی سمگل کی گئی ہزاروں چینی کی بوریاں نوکنڈی ریلوے سٹیشن پر پکڑی گئیں جس کا پرمٹ موجود نہیں تھا۔
ضلعی حکام نے مال گاڑی کی پانچ بوگیوں میں بھری چینی کے مالک کو نوٹس جاری کیا کہ وہ اس بھاری مقدار میں بوریوں کو ضلع میں لانے کا پرمٹ دکھائیں تاہم وہ نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ٹرین کی بوگیوں کو سیل کر کے محکمہ کسٹمز کو اطلاع دی گئی۔
بعد ازاں چینی کی بوریوں کو گودام میں منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق چینی کی یہ بوریاں چاغی سے افغانستان سمگل کی جانی تھیں۔

