اسلام آباد سے لاپتا بلوچ قلمکار عابد میر شمالی علاقہ جات میں
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے معروف لکھاری اور ادیب عابد میر اسلام آباد سے لاپتا ہو گئے تھےجن کے بارے میں پولیس نے کہا ہے کہ وہ گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔
جمعرات کو عابد میر کے بھائی خالد حسین نے اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔
پولیس کے بیان کے مطابق قلمکار عابد میر جن کے لاپتہ ہونے کی اطلاع تھی وہ گھر پہنچ گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہگھر والوں سے رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے لاپتہ ہونے کا غلط تاثر پیدا ہوا ۔تمام شہریوں اور صحافیوں کا شکریہ جنہوں نے اس سلسلے میں پولیس سے رابطہ کیا اور اطلاع دی ۔
ادھر اینکر حامد میر نے دعوی کیا ہے کہ عابد ملے شمالی علاقہ جات سے ملے.
عابد حسین صحافتی اور ادبی حلقوں میں عابد میر کے نام سے جانے جاتے ہیں۔
ان کا تعلق بلوچستان کے ضلع اوستہ محمد سے ہے اور وہ کوئٹہ کے گورنمنٹ پوسٹ ڈگری کالج سریاب میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر تعینات ہیں۔
عابد میر کے بھائی خالد حسین نے بتایاتھا کہ ان کے بھائی نمل یونیورسٹی اسلام آباد میں پی ایچ ڈی سکالر ہیں۔ اس لیے اسلام آباد میں مقیم تھے۔‘
انہوں نے بتایا تھاکہ ’عابد میر بدھ کی شام چھ بجے سے لاپتا ہیں۔ آخری بار عابد کی بات ان کی اہلیہ سے شام چھ بج کر 22 منٹ پر ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے اہل خانہ سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔‘
’کچھ دوستوں کے مطابق عابد میر کا موبائل نمبر رات نو بجے تک رسائی میں تھا لیکن وہ کال وصول نہیں کر رہے تھے۔‘
خالد حسین نے بتایا تھا کہ ’آخری بار کے رابطے کے مطابق عابد میر اسلام آباد کے علاقے جی 11مرکز میں تھے جس کے بعد سے وہ لاپتا ہیں۔ ہم نے اسلام آباد کے پولیس تھانہ رمنا میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی ہے ۔‘
اہل خانہ کے مطابق عابد میر ان دنوں آن لائن میگزین ’لوک سجاگ‘ کے بلوچستان کے ریجنل ایڈیٹر کے طور پر بھی کام کر رہے تھے۔‘

