فوجی تنصیبات پر حملے، ملوث دہشت گرد زمان پارک میں چھپے ہیں: پنجاب حکومت
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ اپنی رہائش گاہ میں چھپے مطلوب دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کریں۔
بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ لاہور میں فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث 30 سے 40 دہشت گرد تاحال گرفتار نہیں کیے جا سکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ میں موجود ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو 72 گھنٹوں کی مہلت دی جا رہی ہے کہ وہ اِن افراد کو پولیس کے حوالے کریں۔
عامر میر نے بتایا کہ یہ تمام معلومات انٹیلی جنس ایجنسیوں کے پاس موجود ہیں۔
خیال رہے کہ نو مئی کو عمران خان کی اسلام آباد میں احتساب بیورو کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد اُن کے پارٹی کارکنوں نے لاہور اور پشاور میں کئی عمارتوں کو آگ لگا دی تھی۔
پاکستان کی فوج اور حکومت نے جلاؤ گھیراؤ پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔