اہم خبریں متفرق خبریں

نام نہاد غیرت، پشاور میں ریپ کی گئی 13 سالہ بچی کی موت کا ذمہ دار کون؟

مئی 28, 2023 2 min

نام نہاد غیرت، پشاور میں ریپ کی گئی 13 سالہ بچی کی موت کا ذمہ دار کون؟

Reading Time: 2 minutes

عظمت گل . پشاور
پشاور میں فقیر آباد ڈویژن پولیس کے ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے تصدیق کی ہے کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں دورانِ آپریشن مرنے والی پانچ ماہ کی حاملہ 13 سالہ لڑکی کے کیس میں ابارشن کی کوشش کرنے والی لیڈی ہیلتھ وزٹر کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق مسماۃ ک کی والدہ نے ریپ سے کم عمر بیٹی کا حمل ٹھہرنے کا علم ہونے پر نام نہاد غیرت و حمیت کے باعث خفیہ طور ابارشن کے لیے ایک ایل ایچ وی کی خدمات حاصل کیں جن سے کیس بگڑ گیا اور بچی کی بلیڈنگ شروع ہوئی۔

پشاور پولیس کے مطابق کم عمر بچی سے ریپ کے الزام میں ایک 25 سالہ ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ تھانہ پھندو میں 13 سالہ لڑکی سے ریپ کا مقدمہ 24 مئی کو درج کیا گیا تھا جس کے بعد کیس کی تفتیش شروع کی گئی۔

کم عمر لڑکی کو حمل ٹھہرنے پر پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال لایا گیا تھا جہاں دورانِ آپریشن اُس کی موت واقع ہو گئی۔

پشاور کے فقیر آباد ڈویژن کے ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے بتایا کہ قانونی تقاضے پورے کر کے ملزم کو سزا دلوائی جائے گی۔

پولیس نے بتایا کہ مرنے والی کم عمر لڑکی پانچ ماہ کی حاملہ تھی اور ملزم اُن کا پڑوسی ہے۔

ایک بیان میں پولیس نے بتایا کہ ’مرنے والی کم عمر لڑکی کی والدہ نے حمل ضائع کرنے کے لیے ایک مقامی ایل ایچ وی کی خدمات حاصل کیں جن سے کیس بگڑ گیا اور بعد ازاں نازک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال لایا گیا۔‘

ہسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جس وقت مرنے والی لڑکی کو لایا گیا اُس کا کیس کافی پیچیدہ ہو گیا تھا اور خون کا بہاؤ روکنے کی کافی کوشش کی گئی مگر زچہ و بچہ کو بچایا نہ جا سکا۔‘

پشاور پولیس کے مطابق ایل ایچ وی نے بچہ ضائع کرنے کا اقدام کیا جس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم نے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ تقریبا پانچ ماہ قبل دھوکے سے لڑکی کو اپنے گھر لے جا کر ریپ کیا تھا۔

ایس پی فقیر آباد کے مطابق گرفتار ملزم کے ڈی این اے سیمپل لے لیے گئے ہیں اور لیبارٹری کو بھجوانے کے بعد رپورٹ کا انتظار ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے