آسٹریلیا میں باراتیوں کی بس کے حادثے میں 10 ہلاک، 25 زخمی
Reading Time: < 1 minuteآسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں شادی کے مہمانوں کو لے جانے والی ایک چارٹرڈ بس کے حادثے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق پیر کو پولیس نے بتایا کہ حادثہ رات تقریباً 11:30 بجے پیش آیا۔
حادثہ اتوار کی رات سڈنی کے شمال مغرب میں 180 کلومیٹر (112 میل) کے فاصلے پر گریٹا قصبے کے قریب ہنٹر کے علاقے میں پیش آیا جو انگور کے باغوں اور شادی کے مقامات کی تقریبات کے لیے مشہور ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کی قائم مقام اسسٹنٹ کمشنر ٹریسی چیپ مین نے ٹیلی ویژن پر میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بس کے مسافر ایک شادی کے لیے گئے تھے اور ایک ساتھ سفر کر رہے تھے۔
سڑک پر ایک چوک میں مُڑتے ہوئے تیز رفتار بس ریمپ سے ٹکرا کر اُلٹ گئی۔
یہ صرف ایک گاڑی کا حادثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اب بھی تمام مسافروں کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
آسٹریلوی میڈیا پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں بس کو سڑک کے ایک طرف پڑا دکھایا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ کچھ لوگ اب بھی گاڑی کے نیچے پھنسے ہو سکتے ہیں۔
چیپ مین نے کہا کہ بس کا ڈرائیور، ایک 58 سالہ شخص، زیر حراست ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس پر حادثے کا الزام عائد کیا جائے گا۔ اسے لازمی الکحل اور منشیات کی جانچ کے لیے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔