ایک ہفتہ شدید بارشیں، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈ کا خدشہ
پاکستان کے محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق 25 سے 30 جون تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے موجودہ شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 25 سے 30 جون کے درمیان اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
اس سسٹم کے زیر اثر بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں 26 جون سے 29 جون کے درمیان آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ شدید بارشوں کی صورت میں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اور مقامی اداروں کو الرٹ رہنے اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
وزیر نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تیز ہوائوں اور بارشوں کے دوران کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔

