کوشش کریں عمران ریاض عید پر اہلخانہ کے ساتھ ہو: چیف جسٹس کی اٹارنی جنرل کو ہدایت
پاکستان کے اٹارنی جنرل منصور عثمان نے نو مئی کے واقعات سے منسلک فوج کی تحویل میں موجود 102 ملزمان کی مکمل تفصیل کی فائل چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو فراہم کی ہے۔
منگل کو فوجی عدالتوں کے خلاف مقدمے میں انہوں نے سُپریم کورٹ کو بتایا کہ ملزمان کے اہل خانہ کی زیر حراست افراد سے ہفتہ وار ملاقات ہو سکتی ہے اور والدین یا اہل خانہ ہفتے میں ایک بار متعلقہ فوجی افسر کو درخواست دے کر ملاقات کر سکتے ہیں۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کی طرف سے دی گئی 102افراد کی فہرست واپس کرتے ہوئے کہا کہ ’کوشش کریں اینکر عمران ریاض عید اپنے گھر والوں کے ساتھ کریں، صحافیوں اور وکلاء سمیت ریاست کا ہر شہری عزت اور احترام کا مستحق ہے۔‘
سپریم کورٹ نے سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی کارروائی پر حکمِ امتناع جاری کرنے کی استدعا ایک بار پھر مسترد کی.
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں چھ رکنی لارجر بینچ نے فوجی عدالتوں میں نو مئی کے واقعات میں ملوث سویلین کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔
جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بھی بینچ کا حصہ ہیں۔

