پاکستان

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں چیک پر حملہ، چار اہلکاروں کے قتل پر دھرنا

جولائی 2, 2023

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں چیک پر حملہ، چار اہلکاروں کے قتل پر دھرنا

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں نامعلوم مسلح افراد کے چیک پوسٹ پر حملے میں ایک ایف سی اور تین پولیس اہلکاروں کے مارے جانے کے خلاف دھرنا دیا گیا ہے.

واقعے کے خلاف قبائلی رہنما ملک قاسم خان شیرانی کی قیادت میں علاقہ مکینوں نے احتجاجاً ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ کو بند کیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

احتجاج میں پولیس اہلکاروں کے لواحقین بھی شامل تھے جنہوں نے میتوں کے ہمراہ دھرنا دیا۔

چیک پوسٹ پر حملے میں ایک حملہ آور بھی ہلاک ہوا تھا.

خیبر پختونخوا سے ملحقہ ضلع شیرانی کے پہاڑی علاقے دانہ سر میں واقع ایف سی چیک پوسٹ پر اتوار کی علی الصبح حملہ کیا گیا.

حملے کا شکار ہونے والے اہلکاروں میں سب انسپکٹر بہادر خان، کانسٹیبل باز خان اور کانسٹیبل محمد افضل شامل ہیں۔
اسی طرح ایف سی کے اہلکار کی شناخت ثنااللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ حملے میں ایف سی کے حوالدار محمد حسین زخمی بھی ہوئے۔

ایف سی حکام کے مطابق اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی مار گیا ہے جس کی لاش ان کی تحویل میں ہے۔

بلوچستان کے وزیراعلٰی میر عبدالقدوس بزنجو نے حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے